ہومتازہ ترینسندھ حکومت کا 100 نئے بس روٹس اور ای وی ٹیکسی سروس...

سندھ حکومت کا 100 نئے بس روٹس اور ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے 100 نئے بس روٹس اور ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں شرجیل میمن نے کہا کہ بس روٹس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت متعارف کرائے جائیں گے، جس میں نجی سرمایہ کاروں کو شامل کیا جائے گا۔ ان روٹس پر جدید ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

لاڑکانہ سے قمبر تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ بھی شروع کیا جائے گا جس سے شہریوں کی آمدورفت میں آسانی ہوگی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ شرجیل میمن نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے انتظامی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں۔

کراچی میں ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس کا بھی آغاز کیا جائے گا، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ اجلاس میں گرین لائن بی آر ٹی کی رائڈرشپ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، یومیہ مسافروں کی تعداد 81 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

شرجیل میمن نے پنک بس اور پنک اسکوٹی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کا غلط استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت ٹرانسپورٹ منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں