لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان ریلویز نے حالیہ حادثات کی انکوائریاں مکمل کرنے میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔ مالی سال 2025 سے 10 جون 2026 تک 31 سے زائد مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے حادثات کی انکوائریاں ابھی تک التوا کا شکار ہیں۔
اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیموں نے حادثات کے مقامات پر جا کر شواہد اکٹھے کیے اور تفصیلی رپورٹس تیار کر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز، چیئرمین ریلوے اور وفاقی وزیر ریلوے کو بھیج دیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق انکوائریوں کی تکمیل کے باوجود غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ بعض انکوائریوں پر اعتراضات لگا کر دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق کراچی ڈویژن کی 12، سکھر کی 11، لاہور کی 2، راولپنڈی کی 4 اور دیگر ڈویژنز کی انکوائریاں زیر التوا ہیں۔ تحقیقاتی ٹیموں نے عوام کی ریلوے کراسنگ، ناقص رولنگ اسٹاک، بوسیدہ انفراسٹرکچر اور دیگر وجوہات کی نشاندہی کی ہے۔
ترجمان وزارت ریلوے نے کہا کہ انکوائریاں ابھی جاری ہیں، مکمل ہونے پر میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔


