ماسکو (شِنہوا) روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل گالوزن نے کہا ہے کہ بالٹک ریاستیں روس پر حملوں کے لئے اپنی سرزمین فراہم کر کے "آگ سے کھیل رہی ہیں”۔
منگل کے روز ریا نووستی نے گالوزن کے حوالے سے کہا کہ”یوکرین کے تنازع کے تناظر میں نیٹو اور یورپی یونین کے ڈسپلن کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہوئے اور روس کے خلاف معاندانہ اقدامات کے لئے اپنی سرزمین فراہم کر کے بالٹک ریاستیں ‘آگ سے کھیل رہی ہیں اور وہ اس بات کو اچھی طرح جانتی ہیں۔”
ایک دن قبل گالوزن نے متنبہ کیا تھا کہ لٹویا کی نیٹو رکنیت اسے روسی سرزمین پر ہونے والے حملوں میں ملوث ہونے کے نتائج سے نہیں بچا سکے گی۔
گزشتہ ہفتے گالوزن نے کہا تھا کہ روس کے پاس اس بات کی تصدیق شدہ معلومات ہیں کہ لٹویا اور دیگر بالٹک ممالک نے پہلے ہی بغیر پائلٹ کے اڑنے والے یوکرینی طیاروں کو روسی حدود میں اہداف کے خلاف حملے کرنے کے لئے اپنی فضائی حدود کو ٹرانزٹ کوریڈور کے طور پر فراہم کر رکھا ہے۔
بالٹک ریاستوں نے ماسکو کے ان الزامات کی مسلسل تردید کی ہے۔


