ہومUncategorizedیوریا درآمد تنازع، سپریم کورٹ نے ٹی سی پی کے حق میں...

یوریا درآمد تنازع، سپریم کورٹ نے ٹی سی پی کے حق میں فیصلہ سنادیا

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سپریم کورٹ نے یوریا درآمد کے طویل قانونی تنازع کا فیصلہ سناتے ہوئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی اپیل منظور کر لی اور نجی کمپنی کی اپیل خارج کر دی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 21 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ ٹی سی پی کی جانب سے پرفارمنس گارنٹی ضبط کرنا قانونی اقدام تھا اور سندھ ہائیکورٹ کا گارنٹی واپس کرنے کا حکم درست نہیں تھا۔

سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ تجارتی معاہدوں کی شرائط کا احترام ضروری ہے اور عدالتیں ان میں بلاجواز مداخلت نہیں کر سکتیں۔ عدالت نے کہا کہ پرفارمنس گارنٹی معاہدے کی بروقت اور مکمل تکمیل کی ضمانت ہوتی ہے اور اگر کوئی فریق معاہدے کی خلاف ورزی کرے تو گارنٹی ضبط کی جا سکتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ کمپنی کو وقت کی پابندی معاہدے کا بنیادی جزو تھا، مگر وہ مقررہ مدت میں یوریا کی سپلائی مکمل کرنے میں ناکام رہی۔ سپریم کورٹ نے کمپنی کی جانب سے دائر 34 لاکھ 65 ہزار ڈالر ہرجانے کے دعوے کو بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ کاروباری خطرات دوسرے فریق پر منتقل نہیں کیے جا سکتے۔

عدالت نے ثالثی ایوارڈ میں بھی قانونی خامیوں کی نشاندہی کی اور کہا کہ ثالثی کے فیصلے قانون اور معاہدے کی شرائط کے مطابق ہونے چاہیے۔ عدالت نے کہا کہ ٹی سی پی نے معاہدے کے تحت تمام ذمہ داریاں پوری کیں اور پرفارمنس گارنٹی ضبطی غیرمنصفانہ نہیں تھی۔

سپریم کورٹ نے نجی کمپنی کی اپیل خارج کرتے ہوئے ٹی سی پی کے موقف کو درست قرار دیا اور یوریا درآمد سے متعلق یہ قانونی تنازع اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں