بیجنگ (لارڈ میڈیا): چینی کمپنی یو بی ٹیک نے ایسے روبوٹس تیار کیے ہیں جو انسانی شکل و صورت رکھتے ہیں اور دوست بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کو الٹرا بائیونک ہیومینڈ روبوٹ قرار دیا گیا ہے جن کے لیے سیلیکون جِلد استعمال کی گئی ہے جبکہ ان کا جسم 88 ڈگری تک حرکت کر سکتا ہے۔ یہ روبوٹس چین میں منعقد ایک ایونٹ کے دوران پیش کیے گئے اور تین ماڈلز، یو 1 لائٹ، یو 1 پرو اور یو 1 الٹرا میں دستیاب ہیں۔
ایونٹ کے دوران یو 1 الٹرا روبوٹس نے اسٹیج پر حقیقی انسانوں کے ساتھ بات چیت کی اور ایک روبوٹ نے انسان کے ساتھ رقص بھی کیا۔ کمپنی نے بتایا کہ یہ روبوٹس آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جو جذبات کو بھانپ کر ردعمل ظاہر کر سکتے ہیں۔ ان کو تحفظ فراہم کرنے والے روبوٹس کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں انسانی بات پر ردعمل دیتے ہیں۔


