لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان کرکٹ ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کی اہمیت بیان کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس ٹیسٹ کے نئے معیارات متعارف کیے گئے ہیں جن میں 12 سے 13 نئے ٹیسٹ شامل کیے گئے ہیں۔
ابرار احمد نے اپنی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابتدائی فٹنس ٹیسٹوں میں تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے اور ان کا ہدف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون بولر بننا ہے۔
انہوں نے سابق کھلاڑیوں کی زیر نگرانی تربیت کو بہترین قرار دیا اور بتایا کہ مصباح الحق، اسد شفیق، عمر گل اور سرفراز احمد کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شاندار رہا ہے۔
ابرار احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کی تیاری کے حوالے سے کہا کہ کھلاڑیوں نے ایک ماہ کے سخت تربیتی مرحلے سے گزرا ہے اور امید ہے کہ ٹیم ویسٹ انڈیز میں کامیابی حاصل کرے گی۔
انگلینڈ کے خلاف چیلنجز پر بات کرتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ بین اسٹوکس کی عدم موجودگی انگلش ٹیم کو متاثر کر سکتی ہے، مگر وہ اپنی مکمل کارکردگی دینے کے لئے تیار ہیں۔


