دالیان (شِنہوا) چین کے تحقیقی برف شکن جہاز شوئے لونگ اور شوئے لونگ 2 یا سنو ڈریگن اور سنو ڈریگن 2 چین کے شمال مشرقی صوبہ لیاؤننگ کی دالیان بندرگاہ پر عوامی نمائش کے لئے کھول دیئے گئے۔
دو روزہ تقریب کے دوران دونوں آئس بریکرز پر تقریباً 2 ہزار سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔ اس موقع پر چین کی قطبی سائنسی مہمات کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے جبکہ بحری شعبے سے وابستہ افرادی قوت کے تبادلے کو فروغ دینے اور بحری صنعتوں کی ترقی میں بھی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
جہاز کے عملے اور قطبی سائنسی مہم کے ارکان کی رہنمائی میں سیاحوں کو برج، تجربہ گاہوں، فلائٹ ڈیک اور مہم کے ارکان کی رہائشی سہولیات کا مشاہدہ کرایا جائے گا۔ اس دوران انہیں قطبی خطوں میں پیش آنے والے دشوار سفر، اہم سائنسی کامیابیوں اور قطبی تحقیق کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
دونوں آئس بریکرز چین کی آرکٹک اور انٹارکٹک قطبی مہمات میں شریک ہیں اور قطبی ماحولیات کے
سروے،موسمیاتی نگرانی اور بحری سائنسی تحقیق سمیت اہم مشنز انجام دیتے رہے ہیں۔
شوئے لونگ اور شوئے لونگ 2 نے رواں سال مئی میں چین کی 42 ویں انٹارکٹک سائنسی مہم کامیابی سے مکمل کی تھی۔


