ہومپاکستانعالمی تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرول 225...

عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرول 225 روپے فی لیٹر کرنے کا مطالبہ

کراچی (لارڈ میڈیا): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آ چکی ہیں، اس لیے پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت کم کر کے 225 روپے فی لیٹر کی جائے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں عوام کو مہنگا فیول فراہم کیا جا رہا ہے، جس کا بوجھ عام شہریوں پر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل ہونا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسے مکمل طور پر ختم کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرائے اور ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی سابقہ سطح پر لائی جائیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں کو فوری طور پر 28 فروری کی سطح پر لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں اضافہ کرتے ہوئے اسے ڈھائی روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر کر دیا ہے، تاہم پیٹرولیم لیوی میں اسی تناسب سے ڈھائی روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے تاکہ عوام پر مجموعی مالی بوجھ بڑھنے سے بچایا جا سکے۔ وزارت توانائی پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبدیلیاں 2 جولائی سے نافذالعمل ہوں گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں