لاہور (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جب سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔ انہوں نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد اپنے ساتھیوں سمیت اس کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، سابق وزیر صحت انصار انصر ابدالی اور سابق مشیر سردار افتخار رشید نے بھی آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔ سردار تنویر الیاس نے پیپلز پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہوگی اور تنظیمی ڈھانچہ فعال کیا جائے گا۔
سردار تنویر الیاس اور دیگر رہنماؤں نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی مسائل کے حل اور قومی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
سیاسی حلقوں نے آزاد کشمیر کی اہم شخصیات کی آئی پی پی میں شمولیت کو پارٹی کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا ہے، جس سے خطے کی سیاست میں نئی صف بندی کی توقع ہے۔


