اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری کشیدگی کے حل کے لیے مولانا فضل الرحمان کی ثالثی ایک مثبت اقدام ہوگا۔ وہ جیو نیوز سے گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے کشمیری مہاجرین کی قربانیوں کو سراہا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں موجود کشمیری مہاجرین نے پاکستان اور کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور ان کی نشستوں کو متنازع نہ بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کشمیریوں کو تین حوالوں سے جانتے ہیں؛ ایک وہ جو مقبوضہ کشمیر میں قربانیاں دے رہے ہیں، دوسرے وہ جو تقسیم کے وقت ہجرت کرکے آئے، اور تیسرے آزاد کشمیر کے رہنے والے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کی قربانیاں سب سے نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب سے بھی مہاجرین آئے جنہوں نے قربانیاں دیں اور ان کا استحقاق زیادہ ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کے حوالے سے وہ اسمبلی کے فلور پر بیان دے چکے ہیں اور اگر تمام فریق اتفاق کرتے ہیں تو وہ بھی اس کی حمایت کریں گے۔


