تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی کے اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام امریکا پر عائد کیا ہے۔ ایرانی دفترِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی رویے کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی ٹیم کے ساتھ انتہائی نامناسب سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کئی کوچز اور فٹبال فیڈریشن حکام کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے اور ویزوں کے اجرا میں رکاوٹیں ابتدا سے بڑا مسئلہ بنی رہیں۔
ترجمان ایرانی دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ ایرانی قومی ٹیم کو میچ وینیو سے الگ مقام پر ٹھہرایا گیا جو میزبانی کے تقاضوں کے برعکس ہے۔ اس سے قبل ایرانی فٹبال ٹیم کے کپتان مہدی طارمی نے بھی فیفا ورلڈ کپ کے میزبان امریکا پر غیر منصفانہ سلوک کا الزام عائد کیا تھا۔
مہدی طارمی نے کہا تھا کہ فیفا نے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا لیکن کچھ بھی نہیں بدلا اور ایرانی ٹیم کے لاجسٹک عملے اور میڈیا کو ویزے نہیں مل سکے۔ واضح رہے کہ ایران کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔


