تہران (لارڈ میڈیا): ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملے اتوار کی صبح علی السالم ایئر بیس اور بحرین میں ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر پر ہوئے۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں امریکی فوج کی آٹھ اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔ پاسدارانِ انقلاب نے ان حملوں کو امریکا کی حالیہ کارروائیوں کا فیصلہ کن جواب قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکا نے اتوار کو ایران کے پانچ ساحلی مقامات پر حملے کیے تھے، جو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی ہے۔
ایران نے خبردار کیا کہ مستقبل میں کسی بھی امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی حکام نے ان دعوؤں کی فوری تصدیق نہیں کی۔


