کراچی (لارڈ میڈیا): وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور حکومت امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کے حالات دانستہ طور پر غیر یقینی بنائے گئے۔
ضیا الحسن لنجار نے 1992 اور 1998 کے ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان ادوار میں بھی شہر کو بدامنی کا سامنا رہا، جبکہ حکیم سعید کے قتل جیسے افسوسناک واقعات بھی پیش آئے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے ہر شخص کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی اور نفرت انگیز تقاریر سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے سندھ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آئی جی سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں موٹرسائیکل چوری کے واقعات زیادہ ہیں، اس لیے نئی موٹرسائیکلوں میں ٹریکر نصب کرنا لازمی بنایا جائے گا تاکہ چوری کی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔
وزیر داخلہ سندھ کے مطابق ای چالان نظام کے نفاذ سے ٹریفک حادثات میں تقریباً 50 فیصد کمی آئی ہے، اب تک 17 لاکھ سے زائد ای چالان ٹکٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔


