کراچی (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں پیس میکر کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برادرانہ اور دوستانہ ممالک کی حمایت اور پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کی وجہ سے ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد مفاہمت کی تاریخی دستاویز پر دستخط ہوئے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قیام امن کے لئے دن رات کوشش کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا حالیہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے بلکہ خطے میں امن کے فروغ کے لئے پاکستان کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیچیدہ اور کثیر الجہتی راستے سے گزر رہا ہے جس میں عالمی اور بیرونی خطرات کا خطرناک بیرونی امتزاج نمایاں ہے۔
پی این ایس رہبر کراچی میں 125ویں مڈشپ مین اور 33ویں شارٹ سروس کورس کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ شرکاء میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ شامل تھے۔
تقریب کے دوران، شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ الویرہ حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل اور آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اکیڈمی ڈرک مڈشپ مین کا اعزاز ہادی عباس خان کے حصے میں آیا، جبکہ مڈشپ مین عمر مختار کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ معرکۂ حق میں پاک نیوی کا کردار نمایاں تھا۔ وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مڈشپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔


