دنیا (لارڈ میڈیا): دنیا بھر میں آن لائن ڈیٹنگ کی سہولت فراہم کرنے والے ایک عالمی پلیٹ فارم نے ‘چیف بریک اپ آفیسر’ کی منفرد ملازمت کا اعلان کیا ہے، جس کی ماہانہ تنخواہ 3 ہزار امریکی ڈالر یعنی 8 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس عہدے کے لیے امیدوار کو لوگوں کے رشتے ختم کرنے میں مدد دینی ہوگی۔
کمپنی کے مطابق اس عہدے پر منتخب ہونے والے فرد کو لوگوں کے تعلقات باوقار اور ہمدردانہ انداز میں ختم کرنے میں مدد فراہم کرنی ہوگی۔ مطلوبہ امیدوار میں دوسروں کے جذبات کو سمجھنے کی صلاحیت، مؤثر بات چیت کی مہارت اور جدید دور کے تعلقات کی اچھی سمجھ بوجھ ہونی چاہیے۔
اس شخص کو افراد کی طرف سے فون یا دیگر ذرائع سے رابطہ کر کے رشتہ ختم ہونے کا پیغام دینا ہوگا، جنہوں نے علیحدگی کا فیصلہ تو کر لیا ہو لیکن خود یہ مشکل گفتگو نہیں کر سکتے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سروس کا مقصد لوگوں کو اچانک تعلق ختم کرنے کے رجحان سے بچانا ہے۔ کمپنی کے مطابق جین زی اور ملینیئل نسل کے 84 فیصد افراد نے ایسے رویے کا سامنا کیا ہے۔
تعلقات کے ماہرین نے اس خیال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ بریک اپ صرف اطلاع دینے کا نام نہیں بلکہ اس میں ذمہ داری قبول کرنا اور جذبات کو سمجھنا بھی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر تعلق میں جذباتی تشدد یا سلامتی کے خدشات ہوں تو تیسرے فریق کی مدد لینا مناسب ہو سکتا ہے۔ تاہم، یہ ملازمت جدید دور میں تعلقات اور ابلاغ پر بحث چھیڑ رہی ہے۔


