سرگودھا (لارڈ میڈیا): سرگودھا میں 14 سالہ بچے کو مبینہ طور پر زیادتی کی شکایت کرنے پر زندہ دفنانے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔ بچے کو کھیت سے زندہ برآمد کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، غلام رسول ولد مظہر گزشتہ روز سے لاپتا تھا۔ بعد ازاں ایک کھیت سے اس کے رونے کی آوازوں پر کسانوں نے موقع پر پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بچے کو نکال کر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سرگودھا منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
متاثرہ بچے کے لواحقین کا الزام ہے کہ چند روز قبل بچے نے اپنے ساتھ مبینہ زیادتی کی شکایت کی تھی، جس کے بعد ملزمان نے اسے زندہ مٹی میں دفن کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین کی درخواست کی روشنی میں مقدمے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شواہد کی بنیاد پر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


