نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی انجری کی وجہ سے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی ہے کہ 23 سالہ بیٹنگ آل راؤنڈر سوریا نش شیڈگے کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے بیان کے مطابق نتیش کمار ریڈی نے افغانستان کے خلاف تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے بعد اپنے بائیں کواڈریسپس میں تکلیف کی شکایت کی تھی، جس کے بعد طبی عملے نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نتیش کمار ریڈی کا باہر ہونا بھارتی ٹیم کی حکمت عملی کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
سوریا نش شیڈگے نے سری لنکا میں سہ ملکی سیریز میں انڈیا اے کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جس کے بعد انہیں قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی ٹیم کو آئرلینڈ کے خلاف 26 اور 28 جون کو بیلفاسٹ میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں، جبکہ جولائی میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دورہ بھی کرے گی۔


