مظفر آباد (لارڈ میڈیا): چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اقدامات سے ریاست میں امن خراب ہوا اور کالعدم کمیٹی نے عوام کو اسلحہ فراہم کیا۔
چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ ایڈوانس انکم ٹیکس کا خاتمہ نہیں کیا گیا جبکہ حکومت پاکستان نے 20 سے 25 ارب روپے کی امداد فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جائزمطالبات پورے ہونے کے باوجود احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا اور سامان ترسیل کرنے والے ایک ٹرک کو بھی آگ لگائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ مظفرآباد اور میرپور کے عوام نے حکومت کے ساتھ تعاون کیا اور دھرنے میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ ان کا ان مظاہرین سے کوئی تعلق نہیں۔
آئی جی پولیس لیاقت علی ملک نے کہا کہ شرپسند عناصر آزاد کشمیر کا امن داؤ پر لگا رہے ہیں اور قانون کی بالادستی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں پر حملے کئے گئے اور شرپسندوں نے ریاست کے خلاف مورچہ بند کیا ہوا ہے۔
آئی جی پولیس کے مطابق اب تک 572 شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور پولیس کے 4 اہلکار شہید اور 97 زخمی ہوئے ہیں۔


