ابوظبی (لارڈ میڈیا): متحدہ عرب امارات نے اپنی پہلی مسافر ٹرین سروس کا آغاز کردیا، جس کے ذریعے ملک کی مختلف ریاستوں کو جدید ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آلنہیان نے محمد بن زاید سٹی مسافر ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ عوام کے لیے ابوظبی اور فجیرہ کے درمیان ٹرین سروس 30 جون سے دستیاب ہوگی، اس روٹ پر سفر کا دورانیہ صرف ایک گھنٹہ 45 منٹ ہوگا، جبکہ کرایہ 55 درہم سے شروع ہوگا اور پریمیئم کلاس کا ٹکٹ 120 درہم میں دستیاب ہوگا۔ منصوبے کے تحت 30 ستمبر 2026 کو دبئی اور شارجہ کے علاقے الذید میں اسٹیشن کھول دیے جائیں گے۔ ابوظبی کے مغربی علاقے الظفرہ میں ریلوے سروس دسمبر 2026 میں شروع ہوگی جبکہ شارجہ کا مرکزی ریلوے اسٹیشن مارچ 2027 میں قومی ریلوے نیٹ ورک کا حصہ بن جائے گا۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ملک بھر میں سفر، تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔


