لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے میرج ہالز اور ریسٹورنٹس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس میں ٹیکس وصولی کے نظام کو ڈیجیٹل اور شفاف بنانے پر زور دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی نگرانی کے لیے جدید کیمرہ سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض ریسٹورنٹس میں کیش کی بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو لازمی بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ٹیکس چوری پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، اور جدید کیمرہ سسٹم کے ذریعے نگرانی سے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی وصولی 250 ارب سے بڑھ کر 346 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جس میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار 10 سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ ادارے میں انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، ٹیکس پیئر آڈٹ اور لیگل ونگ بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی آر اے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے، انفورسمنٹ اور انسانی وسائل میں اضافہ کیا جائے، اور ٹیکس آگاہی کے لیے میڈیا ونگ کو مزید فعال بنایا جائے۔


