پیرس (لارڈ میڈیا): یورپ میں شدید گرمی کی لہر کے باعث فرانس میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں سے 5 افراد گرمی کی شدت سے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 13 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوئے۔
وسطی فرانس کے شہر پواتیے میں 78 سال پرانا درجہ حرارت کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جہاں درجہ حرارت 41.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مغربی فرانس کے شہر بوردو میں درجہ حرارت 41.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال اگست میں قائم ہونے والا ریکارڈ بھی توڑ چکا ہے۔
شدید گرمی کے باعث فرانسیسی حکام نے متعدد علاقوں میں ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے ہیں، اور کئی اسکولوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک یورپ کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔


