اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان میں جدید زراعت اور بنجر زمینوں کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ پاکستان اور چین کے اشتراک سے پہلی زرعی تحقیقی لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد بنجر اور صحرائی زمینوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قابلِ کاشت بنانا ہے۔
چین کی تاریم یونیورسٹی اور نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تحقیق اور کسانوں کی تربیت کے لیے مشترکہ کام کریں گی۔ اس منصوبے کے تحت شمسی توانائی سے چلنے والے گرین ہاؤسز، ڈرون کے ذریعے فصلوں کی نگرانی اور جدید ڈرپ آبپاشی نظام متعارف کروایا جائے گا۔
کم لاگت والے جدید ڈیزرٹ سولر گرین ہاؤس سسٹم کے ذریعے زمین کے بہتر استعمال اور زرعی پیداوار میں 35 فیصد تک اضافے کی توقع ہے۔ یہ اشتراک پاکستان اور چین کی جانب سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور صحرائی علاقوں کو زرعی پیداوار میں شامل کرنے کی ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔


