کابل (لارڈ میڈیا): افغانستان میں طالبان حکام نے داڑھی چھوٹی ہونے کے باعث تقریباً 20 امدادی کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق، حراست میں لیے گئے افراد ایران افغانستان سرحد کے قریب اسلام قلعہ بارڈر کراسنگ پر کام کر رہے تھے اور وہ اقوام متحدہ کے شراکت دار اداروں کے ساتھ وابستہ تھے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کی اخلاقی پولیس نے ان کارکنان کو داڑھی تراشنے یا نہ رکھنے پر اسلام قلعہ ریسیپشن سینٹر پر گرفتار کیا۔ کچھ امدادی کارکنوں کو اسی روز جبکہ باقی افراد کو اگلے روز رہا کر دیا گیا۔ طالبان کی وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے اس واقعے پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔


