لاس اینجلس (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایران کی فٹبال ٹیم نے لاس اینجلس کے سوفی اسٹیڈیم میں اپنے لاکر روم میں ایک جذباتی خط چھوڑا ہے، جس میں میزبان شہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امن کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ خط ایران اور بیلجیم کے درمیان 0-0 کے مقابلے کے بعد منظر عام پر آیا۔
خط میں ایران کی فٹبال فیڈریشن نے قدیم فارس سے آج کے مہذب ایران تک کے سفر، مشکلات اور جذبے کا ذکر کیا ہے۔ خط میں لکھا ہے کہ لاس اینجلس کی مہمان نوازی کا شکریہ، ہم فخر کے ساتھ آئے، عزت کے ساتھ مقابلہ کیا اور وقار کے ساتھ واپس جا رہے ہیں۔
ایران نے لاس اینجلس میں اپنے دونوں گروپ میچز کھیلے، جہاں بڑی ایرانی کمیونٹی کی موجودگی کے باعث ماحول ایران کے ہوم گراؤنڈ جیسا تھا۔ شائقین میں سیاسی تقسیم بھی دیکھی گئی، کچھ نے موجودہ حکومت کا پرچم جبکہ کچھ نے 1979 سے پہلے والا پرچم اٹھا رکھا تھا۔
خط کے آخر میں امن، احترام اور دوستی کی اپیل کرتے ہوئے لکھا گیا کہ تمام اقوام کے درمیان ان اصولوں کا قیام برقرار رہے۔ رپورٹ کے مطابق خط میں 168 اور میناب کے ہیش ٹیگز شامل تھے، جو ایران کے شہر مناب میں اسکول پر حملے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔


