اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے پاسپورٹ نظام کو مکمل طور پر آن لائن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور اس سلسلے میں ہوم ڈلیوری کا سسٹم بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جہاں پاسپورٹ نظام میں اہم اصلاحات کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے اجرا کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے فراڈ اور جعلسازی کے امکانات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہریوں کو پاسپورٹ اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی۔ بیرون اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ ہوگا۔ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ درخواستوں کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ پالیسی کو ایف بی آر کی مشاورت سے جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔


