شہر (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈکپ 2026 میں شائقین کی ایک روزہ حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔ 16 جون کو ورلڈکپ کے چار میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا، جو کہ فٹبال ورلڈکپ کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ تماشائیوں کی تعداد ہے۔
فیفا کے مطابق، فرانس، سینیگال، عراق، ناروے، ارجنٹائن، الجزائر، آسٹریا اور اردن کے میچز میں شائقین کی ریکارڈ تعداد موجود رہی۔ 1994 ورلڈکپ کے 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین کا ریکارڈ اب ٹوٹ گیا ہے۔
ورلڈکپ 2026 کے پہلے 6 دنوں میں 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین نے میچز دیکھے، جبکہ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 483 رہی۔ فیفا کے مطابق، موجودہ رفتار برقرار رہی تو گروپ مرحلے کے اختتام تک نیا مجموعی حاضری ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ 16 جون 2026 ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک یادگار دن بن گیا، شائقین نے ٹورنامنٹ میں رنگ، جوش اور یادگار ماحول پیدا کیا۔
ارجنٹینا کے لیونل میسی نے 17ویں، 60ویں اور 76ویں منٹ میں گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی، اور 38 سال اور 357 دن کی عمر میں ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے ہیں۔


