ٹیکساس (لارڈ میڈیا): امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر لاریڈو میں ایک چھوٹا جیٹ طیارہ ہائی وے پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ حادثے کے فوراً بعد شہریوں نے بروقت امدادی کارروائی کر کے کئی مسافروں کی زندگیاں بچائیں۔
حادثے کا شکار طیارے میں مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے۔ ہائی وے پر سفر کرنے والے متعدد افراد نے اپنی گاڑیاں روک کر زخمیوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر جائے حادثہ کی طرف دوڑ لگائی۔
عینی شاہدین کے مطابق بعض شہریوں نے طیارے کے کاک پٹ کی کھڑکی توڑ کر اندر پھنسے افراد کو باہر نکالنے کی کوشش کی، جبکہ دیگر نے امدادی ٹیموں کے پہنچنے تک زخمیوں کی مدد جاری رکھی۔
رپورٹس کے مطابق ایک شخص ہلاک ہوا، تاہم فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ جاں بحق ہونے والا فرد طیارے میں سوار تھا یا زمین پر موجود کسی شخص کی موت ہوئی۔
فلائٹ ٹریکنگ کمپنی کے مطابق طیارہ میکسیکو کے لاس کابوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا۔ لاریڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر نے خدشہ ظاہر کیا کہ طیارے کو دورانِ پرواز فنی خرابی کا سامنا ہوا ہو سکتا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں شہریوں کو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر مسافروں کو بچانے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔


