ہومانٹرنیشنلامریکہ اور ایران نے اسلام آباد معاہدے پر دستخط کر دیے، شہباز...

امریکہ اور ایران نے اسلام آباد معاہدے پر دستخط کر دیے، شہباز شریف

“اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران نے تاریخی "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” (ایم او یو) پر الیکٹرانک دستخط کر دیے ہیں، جس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع کے پرامن اور سفارتی حل کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم نے جمعرات کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر دونوں ممالک کے صدور نے دستخط کیے جبکہ انہوں نے ثالث کی حیثیت سے اس کی توثیق کی۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے دونوں فریقوں کے عزم کا مظہر ہے اور اس کا نفاذ فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا جبکہ امریکہ اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کی اعلیٰ ترین سطح پر معاہدے پر دستخط اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ فریقین تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے ان کے عزم پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی کوششوں نے ایک ایسے ممکنہ تصادم کو روکنے میں مدد دی جس کے خطے اور دنیا پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے تھے۔

انہوں نے امریکی مذاکراتی ٹیم کے ارکان جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں نے معاہدے تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت نے امن کے فروغ اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی مذاکرات کار محمد باقر قالیباف، عباس عراقچی اور اسکندر مومنی کی صبر و تحمل اور تعمیری اندازِ گفتگو کو بھی سراہا۔

شہباز شریف نے امن کوششوں میں علاقائی ممالک کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے قطر کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے اس سفارتی پیش رفت کو ممکن بنانے میں معاونت فراہم کی۔

وزیراعظم نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کاوشوں، لگن اور مسلسل کوششوں نے معاہدے کی راہ ہموار کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مستقبل میں خطے کے ممالک کے درمیان بہتر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگی اور امن کے قیام کے لیے ایک دیرپا فریم ورک فراہم کرے گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں