لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے پرکشش مالی مراعات کا اعلان کیا ہے۔ اس نئی پالیسی کے تحت کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے کی سالانہ آمدنی کا موقع ملے گا۔
پی سی بی کے منصوبے کے مطابق اے بی کیٹگری حاصل کرنے والے کھلاڑی ماہانہ 48 لاکھ روپے سے زائد اور سالانہ تقریباً 5 کروڑ 70 لاکھ روپے تک کما سکتے ہیں۔ اس میں میچ فیس شامل نہیں ہے، جبکہ پی ایس ایل اور غیر ملکی لیگ میں شرکت کی اجازت بھی ہے، جس سے مجموعی آمدنی 15 کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اے بی کیٹگری کے کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے بھی اہل ہوں گے۔ بی اور سی کیٹگری کے کھلاڑیوں کے لیے بھی ترقی کے مواقع موجود ہوں گے۔
ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے ٹاپ کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کو ساڑھے سات لاکھ روپے تک میچ فیس ملنے کی توقع ہے۔
پی سی بی نے کارکردگی سے منسلک بونس کا نظام بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے پر کھلاڑیوں کو 500 فیصد اضافی میچ فیس بطور بونس دی جائے گی جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹ میں کامیابی پر 300 فیصد بونس دیا جائے گا۔


