اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے اور عالمی امن کے مستقل قیام سے پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات میں کہا کہ حکومت نے کشیدگی کے آغاز سے ہی خلوص نیت کے ساتھ امن کے لئے اقدامات کئے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حالیہ بحران میں کابینہ اور سرکاری اداروں نے قربانی کا آغاز کیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متوسط اور معاشی طور پر کمزور طبقوں کے لئے تاریخی پیکج دیا گیا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی اور بہتر منصوبہ بندی کی بدولت عوام کو پریشانی سے بچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی بحران نہیں آیا اور نہ ہی ایندھن کے لئے لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔
انہوں نے کہا کہ 128 ارب روپے کی سبسڈی اور کفایت شعاری مہم سے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنے کی کوشش کی گئی، اور ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لئے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت کے استحکام میں عوامی تعاون کے کردار کو سراہا اور کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا جس سے صنعت کا پہیہ تیز ہوگا اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔


