اسلام آباد (لارڈ میڈیا): شدید مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف متعدی امراض کے پھیلنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق بارشوں کے دوران ہیضہ، ٹائیفائیڈ، ملیریا اور ڈینگی جیسی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ بارشوں کا پانی جمع ہونے سے ملیریا یا ڈینگی کا مرض پھیل سکتا ہے۔
قومی ادارہ صحت نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ بیان کے مطابق مون سون کے دوران وبائی امراض سے بچاؤ کے لئے نگرانی کا نظام فعال بنایا جائے۔ آلودہ پانی یا خوراک کی آلودگی ہیضہ اور ٹائیفائیڈ جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
این آئی ایچ کی ایڈوائزری کے مطابق مون سون بارشوں میں آسمانی بجلی گرنے یا بجلی کا کرنٹ لگنے کے خطرات ہیں، شہری بارشوں کے دوران بجلی کے کھمبوں اور گرے ہوئے تاروں سے دور رہیں۔ بارش یا سیلاب میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے جانی نقصان کا بھی خدشہ ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق سیلاب کے دوران سانپ کے کاٹنے کے واقعات بڑھ سکتے ہیں اور سیلابی پانی خطرناک انفیکشن پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اسپتالوں کو ادویات، اینٹی سنیک ویکسین اور او آر ایس کی معقول مقدار کا ذخیرہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


