ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب، امارات، قطر، کویت اور بحرین سمیت متعدد عرب ممالک میں نئے اسلامی سال 1448 ہجری کا آغاز ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا ہے۔ سعودی سپریم کورٹ اور رویت ہلال کمیٹیوں نے چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد 16 جون 2026 کو یکم محرم قرار دیا ہے۔
متعدد عرب ممالک نے نئے ہجری سال کے موقع پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں یکم محرم کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے تعطیل دی گئی ہے۔ اسی طرح قطر اور کویت میں بھی سرکاری ادارے بند رہیں گے، جبکہ بحرین اور عمان میں بھی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان سمیت متعدد ایشیائی ممالک میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، اس لیے ان ممالک میں یکم محرم 18 جون کو ہوگی۔
محرم الحرام اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے اور اسے اسلام کے چار مقدس مہینوں میں شامل کیا جاتا ہے۔ نئے ہجری سال کا آغاز مسلمانوں کے لیے روحانی اور تاریخی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ اسی مہینے کی 10 تاریخ کو یومِ عاشور منایا جاتا ہے جو اسلامی تاریخ میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔


