اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی موجود ہوتے تو اسرائیل اور امریکہ کو ایران پر حملہ کرنے کی ہمت نہ ہوتی۔
بجٹ سیشن میں انہوں نے ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ن لیگ والے پی ٹی آئی کو کھلاڑی اور اناڑی کہتے تھے جبکہ خود کو ملک چلانے کا ماہر مانتے تھے۔ عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی جگہ واپس لیں اور آگے بڑھیں۔
پی ٹی آئی کے دیگر اراکین نے بھی بجٹ پر تنقید کی۔ شاندانہ گلزار نے کہا کہ یہ بجٹ گزشتہ پانچ بجٹس میں سب سے بدترین ہے اور اس سے غریب مزید غریب ہوگا۔ اسد قیصر نے کہا کہ 90 ملٹی نیشنل کمپنیوں نے پاکستان سے کاروبار ختم کر دیا ہے، بجٹ مکمل طور پر آئی ایم ایف کا ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ وہ دفاعی اخراجات کے لیے اپنی جیب سے کمی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے سپر ٹیکس کی سلیب کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
پی پی کے مہیش کمار مالانی نے کہا کہ بجٹ میں این ایف سی کو نہیں چھیڑا گیا جو پیپلز پارٹی کی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے نکلنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی طرف جانا ہوگا۔


