لاہور (لارڈ میڈیا): محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے لئے مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس 15 جون کو منعقد ہوں گے۔ تاہم محکمہ موسمیات اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے چاند نظر آنے کے امکانات کم قرار دیئے ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بادشاہی مسجد لاہور میں ہوگا جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7:54 پر ہوگی، جس کے باعث 29 ذوالحج کی شام ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
محکمہ نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم چاند کی کم عمر رویت میں بنیادی رکاوٹ ہوگی۔ پنجاب میں چاند رات 7:59 پر غروب ہوگا۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ 15 جون کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹے سے کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔
کونسل کے مطابق، ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔


