اسلام آباد (لارڈ میڈیا): عوام پاکستان پارٹی کے کنونیئر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کی اصل وجہ آئی ایم ایف نہیں بلکہ حکومتی پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وسائل سے زیادہ اخراجات کر رہی ہے اور بجٹ میں ریلیف کا فقدان ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے مالی معاملات تشویشناک ہیں، ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے جبکہ سود کی ادائیگیاں معیشت پر بوجھ بن چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشتی کمزوری قومی سلامتی پر اثر انداز ہو رہی ہے اور عوام پر مزید ٹیکس مسائل کا حل نہیں۔ انہوں نے قومی وسائل کے ضیاع کو روکنے پر زور دیا۔
عباسی نے کہا کہ معاشی بحران سے نکلنے کے لیے قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے اور موجودہ بجٹ عوامی توقعات پر پورا نہیں اترتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرض، مہنگائی اور ٹیکسوں کے چکر سے نکلنا ہوگا اور سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں سرمایہ کاری نہیں آتی۔


