تہران (ویب ڈیسک): ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر دستخط جی سیون اجلاس کی سائیڈ لائن پر متوقع ہیں۔ جی سیون ممالک کا سربراہ اجلاس فرانس کے شہر ایویان میں 15 جون سے 17 جون کے درمیان منعقد ہوگا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے اہلکار نے بتایا کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو ممکن ہے کہ معاہدے پر دستخط 14 جون کو کرلیے جائیں۔ معاہدے کے لیے جنیوا میں دستخط کی توقع ہے، جہاں ایران کی نمائندگی محمد باقر قالیباف اور عباس عراقچی کریں گے جبکہ امریکا کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس اور جیرڈ کشنر موجود ہوں گے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کا وفد بھی اس اہم تقریب میں شرکت کرے گا۔ جی سیون اجلاس میں برطانیہ اور فرانس نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے منصوبے پر بات کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
جی سیون اجلاس میں مشرق وسطی کی صورتحال، جیوپولیٹیکل چیلنجز، یوکرین، یورپ میں امن و سلامتی، بین الاقوامی شراکت داری، اقتصادی نمو اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر بات چیت ہوگی۔


