ہومانٹرنیشنلسرحدوں کی حفاظت پر محسن نقوی کا زور

سرحدوں کی حفاظت پر محسن نقوی کا زور

بشکیک (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ اجلاس میں کہا ہے کہ پُرامن دنیا کی جانب بڑھنے کے لیے سرحدوں کی حفاظت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور سرحدی سکیورٹی کے لیے ایس سی او کا پلیٹ فارم اہم ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان ہر ملک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور بارڈر سکیورٹی سرحدی جرائم کی روک تھام کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو دہشت گردی، منظم جرائم اور سائبر کرائم جیسے چیلنجز درپیش ہیں جن کے لیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے اداروں کی ہم آہنگی ضروری ہے اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت انٹیلیجنس کوآرڈینیشن اور بارڈر مینجمنٹ کو مضبوط بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر انٹیلیجنس میں علاقائی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور منشیات کی سمگلنگ دہشت گردی کی مالی معاونت کا بڑا ذریعہ ہے۔ ان کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس ایس سی او سطح پر انسدادِ منشیات اقدامات میں مکمل متحرک ہے اور مضبوط اینٹی منی لانڈرنگ فریم ورک فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پرامن اور محفوظ ایس سی او خطہ ہماری مشترکہ کوششوں کا ہدف ہے اور ہم 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایس سی او سمٹ میں شرکاء کے استقبال کے منتظر ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں