واشنگٹن (شِنہوا) اسرائیل اور لبنان نے جنگ بندی پر عملدرآمد پر اتفاق کیا ہے۔ یہ بات واشنگٹن میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہی گئی ہے۔
دونوں ملکوں اور امریکہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ جنگ بندی اس بات سے مشروط ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے فائرنگ مکمل طور پر بند ہو اور جنوبی لیطانی علاقے سے حزب اللہ کے تمام ارکان کو نکال دیا جائے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے لبنان میں ایسے "آزمائشی علاقے ” کے قیام پر بھی اتفاق کیا ہے جہاں ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپ حزب اللہ کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ان آزمائشی علاقوں میں لبنانی مسلح افواج مکمل طور پر کنٹرول سنبھالیں گی اور تمام غیر ریاستی عناصر کو علاقے سے باہر رکھا جائے گا۔ یہ بیان واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ میں منگل اور بدھ کو امریکی ثالثی میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے چوتھے دور کے اختتام پر جاری کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جامع معاہدے کے لئے اسرائیل اور لبنان کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا پانچواں دور رواں ماہ کے آخر میں منعقد کیا جائے گا۔


