واشنگٹن (شِنہوا) امریکی ایوان نمائندگان نے بصدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کے اختیار کو محدود کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے، جس میں ریپبلکن کے 4 ارکان نے بھی ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا۔
208کے مقابلے میں 215 ووٹوں سے منظور ہونے والی قرارداد میں صدر ٹرمپ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایران کے خلاف جنگ سے امریکی افواج کو واپس بلائیں جب تک کہ کانگریس مزید فوجی کارروائی کی منظوری نہ دے۔
یہ رائے شماری اس وقت ہوئی جب جنگی اختیارات سے متعلق اس سے پہلے پیش کی گئی 3 قراردادیں معمولی فرق سے ایوان نمائندگان میں ناکام ہو چکی تھیں۔ سینیٹ میں بھی ایسی 7 کوششیں ناکام رہی ہیں۔
تاہم اگر یہ قرارداد دونوں ایوانوں سے منظور بھی ہو جائے تو غالب امکان ہے کہ صدر ٹرمپ اسے ویٹو کر دیں گے۔
جنگ کے آغاز پر ٹرمپ کو اپنی ریپبلکن جماعت کی بھرپور حمایت حاصل تھی، لیکن جنگ طویل ہونے اور اس کے خاتمے کے واضح آثار نظر نہ آنے کے باعث بعض ریپبلکن ارکان کے موقف میں نرمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
وسط مدتی انتخابات قریب آنے اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ریپبلکن رہنماؤں کو تشویش ہے کہ یہ جنگ نومبر کے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے انتخابی امکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔


