نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ آگ کے بعد عمارت میں بھگدڑ مچ گئی اور جان بچانے کی کوشش میں دو خواتین عمارت سے کود گئیں۔
حکام کے مطابق بدھ کی صبح جنوبی دہلی کے مالویہ نگر میں واقع ‘فلورش اسٹے بی اینڈ بی’ ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دہلی فائر سروس کو صبح تقریباً 9 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ اور دھوئیں سے بچنے کے لیے عمارت میں موجود افراد نے باہر نکلنے کی کوشش کی اور ویڈیوز میں خواتین کو عمارت سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ریسکیو حکام نے عمارت میں پھنسے 40 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہوٹل کو دہلی حکومت کی بیڈ اینڈ بریک فاسٹ اسکیم کے تحت صرف 6 کمروں کے آپریشن کی اجازت تھی، تاہم 25 کمرے چلائے جا رہے تھے۔ اس انکشاف نے حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے سوالات کو جنم دیا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔


