اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملے کی سخت مذمت کی ہے، جسے سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کو ناقابل قبول سمجھتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ حملے نہ صرف سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام اس نازک وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب، رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے باہمی دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں بڑی تعداد میں فوجی، لڑاکا طیارے اور فضائی دفاعی نظام تعینات کیے ہیں۔ تاہم، اس پیشرفت کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ریاض میں اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں میں سے کسی ایک ملک پر حملے کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ دونوں فریقین نے اس معاہدے کو خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے طور پر بیان کیا۔


