بیجنگ (شِنہوا) چین میں 2026 کی پہلی سہ ماہی میں صنعتی شعبے نے منافع میں مضبوط اضافہ ریکارڈ کیا، کیونکہ حکومت کی فعال میکرو پالیسیوں نے پیچیدہ معاشی ماحول کے اثرات کو کم کرنے اور اعلیٰ درجے کی مینوفیکچرنگ میں رفتار بڑھانے میں مدد دی۔
قومی ادارہ شماریات (این بی ایس) کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران چین کی بڑی صنعتی کمپنیوں کا منافع سالانہ بنیاد پر 15.5 فیصد اضافے کے ساتھ 16.96 کھرب یوآن (تقریباً 247.3 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گیا۔ یہ شرح سال کے پہلے 2 مہینوں کے مقابلے میں 0.3 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔
صرف مارچ کے مہینے میں بڑی صنعتی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ یہ رفتار جنوری-فروری کے مقابلے میں 0.6 فیصد پوائنٹس زیادہ رہی۔
این بی ایس کے شماریات دان یو ویننگ کے مطابق چینی حکام نے معاشی استحکام کے لئے مزید فعال پالیسیوں کا نفاذ کیا جس سے صنعتی شعبے کی بتدریج بحالی اور کمپنیوں کے منافع میں بہتری آئی۔
سازوسامان کی پیداوار منافع میں اضافے کا ایک بڑا محرک رہی۔ اس شعبے میں پہلی سہ ماہی کے دوران منافع 21 فیصد بڑھا، جس نے مجموعی صنعتی منافع میں 6.8 فیصد پوائنٹس کا حصہ ڈالا۔ بڑی صنعتی کمپنیوں کے مجموعی منافع میں اس شعبے کا حصہ 33.7 فیصد رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.7 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔


