کابل (لارڈ میڈیا) افغانستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہا ہے کہ ہر 4 میں سے 3 افغان شہری بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ایڈمنسٹریٹر الیگزینڈر ڈی کرو نے بتایا کہ افغانستان میں بیشتر افراد اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہیں۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے افغانستان کے مشرقی صوبوں اور حالیہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور اقوام متحدہ کی بحالی میں مؤثر کردار کا تعین کیا جا سکے۔ الیگزینڈر ڈی کرو نے کہا کہ افغانستان میں بحرانوں کی وجہ سے لاکھوں افراد مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی امداد انسانی جانیں بچاتی ہے، لیکن پائیدار ترقی ہی لوگوں کو اپنے مستقبل کی تعمیر کا موقع فراہم کرتی ہے۔
الیگزینڈر ڈی کرو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے نمائندے کے ساتھ کابل کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ انسانی بحران اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔


