نئی دہلی (لارڈ میڈیا): اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ بھارت میں اسرائیل کو بھرپور حمایت حاصل ہے اور تقریباً ڈیڑھ ارب آبادی والے ملک کے عوام اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان پر ردعمل دیا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی اس وقت اسرائیل کے واحد طاقتور اتحادی ہیں۔
نیتن یاہو نے وضاحت کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے بہترین دوست ہیں، لیکن وہ اسرائیل کے واحد دوست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہمیں زبردست حمایت حاصل ہے۔ نیتن یاہو نے اپنے فیس بک پیج پر بھارتی صارفین کی بھرپور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت میں اسرائیل کے لیے غیرمعمولی عوامی حمایت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے دیگر ممالک میں بھی دوست ہیں، تاہم انہوں نے ان ممالک کے نام نہیں بتائے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ متعدد رہنما دفاع، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اسرائیل کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔


