کولمبو (شِنہوا) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں تائی جی چھوان کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تشہیری مہم کا انعقاد کیا گیا۔
’’تمام امور میں ہم آہنگی، تائی جی کے فروغ کی تقریب‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس پروگرام میں سری لنکا میں تعینات چینی سفیر چھی ژین ہونگ نے کہا کہ سری لنکا میں قائم چینی ثقافتی ادارے مقامی شائقین کے لئے تائی جی سیکھنے کی سہولت فراہم کرنے کی خاطر مزید انتظامات کریں گے۔
اپنے خطاب میں چھی ژین ہونگ نے اعلان کیا کہ ‘لمبینی کنفیوشس کلاس روم’ باضابطہ طور پر چینی کلچر کلاس روم میں تائی جی کلاسز کا آغاز کرے گا تاکہ سری لنکا کے عوام کو اس کی تربیت دی جا سکے۔ چینی زبان کے مقامی اساتذہ کے لئے آنے والے کلچرل ٹریننگ کیمپ میں بھی تائی جی کورسز شامل کئے جائیں گے تاکہ چینی تائی جی ثقافت کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہو۔
تقریب کے موضوع کی وضاحت کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ "تمام امور کی ہم آہنگی” کا تصور پرامن ترقی اور باہمی تعاون کے اس عصری جذبے کے عین مطابق ہے جس کی چین عالمی سطح پر ترویج کرتا ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ چین اور سری لنکا تائی جی کے ذریعے دوستی کو پروان چڑھائیں گے، ثقافت کے ذریعے دلوں کو جوڑیں گے اور مشترکہ طور پر ثقافتی اور علمی تبادلے کو فروغ دیں گے۔
نوجوانوں اور کھیلوں کے وزیر سنیل کمارا گاماگے نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل ثقافتوں کو جوڑنے، دوستی کو مضبوط کرنے اور سرحدوں سے بالاتر ہو کر اتحاد کی ترغیب دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تائی جی سری لنکا اور چین کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے میں اپنا ثقافتی کردار ادا کرتا رہے گا۔


