بیت المقدس (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے اندازے کے مطابق ایران کے ساتھ معاہدہ “ایک یا دو دن میں” طے پا جائے گا۔
ٹرمپ نے اسرائیل کے چینل 12 نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ اور ایران ممکنہ طور پر ہفتہ وار تعطیلات کے دوران ملاقات کریں گے تاکہ جنگ کے خاتمے کے لئے معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “ایرانی ملاقات کرنا اور معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی معاہدہ کروانے میں مدد دے رہی ہے۔ جب تک معاہدہ نہیں ہو جاتا، میں اسے ختم نہیں کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کا سب سے بڑا حصہ یہ ہے کہ یہ اسرائیل کو زیادہ محفوظ بنائے گا۔ یہ معاہدہ اسرائیل کے لئے اچھا ہے۔
چینل کے مطابق زیر غور معاہدے کا ایک حصہ یہ ہے کہ امریکہ ایران کے منجمد شدہ 20 ارب ڈالر کے فنڈز جاری کرے گا۔
اس کے بدلے میں ایران اپنی افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ختم کرے گا اور اسے صرف طبی مقاصد کے لئے آئسوٹوپس بنانے والے جوہری تحقیقی ری ایکٹر رکھنے کی اجازت ہوگی جو سرعام ہوں گے۔
ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کو لبنان پر حملے بند کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ عمارتیں مسلسل تباہ نہیں کر سکتے۔ میں اس کی اجازت نہیں دوں گا۔


