یروشلم (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق (2100 جی ایم ٹی) نافذ العمل ہوگئی ہے۔
یہ عارضی جنگ بندی اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری شدید کشیدگی کے خاتمے کے لئے کی گئی ہے جس میں 2 ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے گزشتہ روز جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 380 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جن میں جنگجو، راکٹ فائر کرنے والے پلیٹ فارم اور صدر دفتر شامل ہیں۔
اسرائیل کی ریسکیو سروس “میگن ڈیوڈ ایڈوم” نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کے نافذ ہونے سے پہلے کے آخری گھنٹوں میں حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے دوران اسرائیل جنوبی لبنان میں 10کلومیٹر کا سکیورٹی زون برقرار رکھے گا۔
انہوں نے سکیورٹی ضروریات کا حوالہ دیتے ہوئے انخلا سے انکار کیا اور اسرائیل و لبنان کے درمیان امن کے ایک تاریخی موقع کی طرف اشارہ کیا اور ساتھ ہی حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔


