وزارت توانائی نے بجلی کی کم دستیابی کے باعث لوڈشیڈنگ پر معذرت کرتے ہوئے صارفین کو رات میں بجلی کم استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کی رات پن بجلی کی پیداوار میں 1991 میگاواٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی، رات پیک ٹائم میں مجموعی ڈیمانڈ 18ہزار میگاواٹ رہی جبکہ 4500 میگاواٹ کا شارٹ فال رہا جس کے باعث بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے اعلانیہ سے کچھ زیادہ لوڈ مینجمنٹ کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پن بجلی میں کمی کی وجہ ڈیموں سے صوبوں کی جانب پانی کے اخراج کی کم ڈیمانڈ ہے، اس وقت صوبوں کو ڈیموں سے پانی ارسا طلب کے مطابق ریلیز کر رہا ہے جو گزشتہ سال کی نسبت کم ہے، مزید یہ کہ بارشوں اور فصلوں کی کٹائی کے باعث بھی پانی کا اخراج کم ہے۔
ترجمان کے مطابق آئندہ چند دنوں میں ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کا امکان ہے جس سے بجلی کی پیداوار بڑھے گی۔


