واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ وینزویلا اور ایران پر حملوں کے بعد کیوبا واشنگٹن کا اگلا ہدف ہو سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں 28 فروری سے شروع ہونے والی ایران کے خلاف امریکہ-اسرائیل جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس معاملے سے فارغ ہونے کے بعد شاید ہم کیوبا کا بھی رخ کریں ۔
ٹرمپ نے اپنا سابقہ موقف بھی دہرایا کہ کیوبا ایک ناکام ملک ہے۔
ایران کے ساتھ جنگ شروع کرنے کے چند دن بعد بھی ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ کیوبا بہت جلد گرنے والا ہے تاہم ان کی انتظامیہ اس وقت اپنی توجہ ایران کی جاری جنگ پر مرکوز رکھے گی۔
گزشتہ ماہ فلوریڈا میں ایک سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ ویسے اگلا نمبر کیوبا کا ہے لیکن ایسے ظاہر کریں جیسے میں نے یہ نہیں کہا۔
کیوبا اس وقت شدید معاشی اور توانائی بحران کا سامنا کر رہا ہے خاص طور پر اس وقت سے جب 3 جنوری کو امریکی فوج نے وینزویلا میں کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو کو بزور طاقت حراست میں لیا۔ کراکس میں امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا اور میکسیکو سے کیوبا کو تیل کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔


