2026کے ابتدائی 4 ہفتوں کے دوران پنجاب میں 1695 افراد کے خسرے میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ سروسز محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے 4 ہفتوں میں خسرے کے لیبارٹری ٹیسٹ سے کنفرم مریضوں کی تعداد 330 ہو چکی ہے جبکہ صوبے بھر میں خسرے کے 40 آئوٹ بریک الرٹس جاری کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024ء میں پنجاب میں خسرے کے 23ہزار 680مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 6ہزار 747لیبارٹری سے کنفرم ہوئے، اسی سال خسرے سے 16 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ گزشتہ سال 2025ء میں خسرے کے 19 ہزار 913مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں سے 4 ہزار کیسز لیب سے کنفرم ہوئے، جبکہ بیماری سے 4 اموات رپورٹ کی گئیں۔
ڈی جی ہیلتھ سروسز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال خسرے کی صورتحال کے پیش نظر نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے، چیف سیکرٹری اور وزیر صحت کی سربراہی میں متعدد اجلاس منعقد ہوئے ہیں جبکہ متعلقہ اضلاع میں سرویلنس تیز کرنے اور ڈسٹرکٹ و ہسپتال سطح پر مانیٹرنگ کا نظام موثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔


